کے پی کے لوکل کونسلرز نے احتجاج کیا تو جماعت اسلامی بھرپور ساتھ دےگی، عنایت اللہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی پاکستان پشاور نے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے مقامی حکومتوں کو فنڈز کی فراہمی میں اپوزیشن کو نظر انداز کرنے پربلدیاتی نمائندوں کے احتجاج میں بھرپور ساتھ دینے کا عزم کیا ہے اور کہا ہے کہ کے پی کے حکومت صرف پی ٹی آئی کے لوکل کونسلرز کو نوازرہی ہے۔
پیر کو جماعت اسلامی کے رہنما اورسابق صوبائی وزیربرائے بلدیات عنایت اللّٰہ نے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں سے حکومت بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے، مرکزصوبوں کو جو فنڈ دیتا کہ وہ صوبے کی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ تمام اضلاع کو فنڈز جاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت 30 فیصد ترقیاتی فنڈزمقامی حکومتوں کو دیے جاتے ہیں،2015 سے 2018 تک 3 سالوں میں ہم نے بلدیاتی نمائندوں کو56 ارب روپے جاری کیے۔
انہوں نے بتایا کہ 2019 میں قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے غیرقانونی طورپرضلعی حکومتوں کا خاتمہ کردیا گیا، جس کے بعد گزشتہ 3 سالوں کے دوران مقامی حکومتوں کوکوئی رقم جاری نہیں کی گئی، 3 سالوں بعد صوبائی حکومت نے 3 ارب 72 کروڑ صرف تحریک انصاف کے نمائندوں کو جاری کیے۔
عنایت اللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے 81 تحصیل کونسلز کو فنڈ جاری نہیں کیے گئے ہیں، مقامی حکومتوں کے کونسلرزاگراحتجاج کریں گے توجماعت اسلامی بھرپورحمایت کرے گی۔ کونسلرز نے ہائیکورٹ میں جو رٹ دائر کی ہے جماعت اسلامی اس میں فریق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کے تحت پی ایف سی کے ذریعے صرف چند نہیں تمام کونسلرز کورقم جاری کرنی چاہیے، 11 محکمے مقامی حکومتوں کو جوابدہ ہیں لیکن ان کو فنڈز نہیں مل رہے ہیں۔