ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک
فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 دسمبر 2024 کو، سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 15 خوارج کو ’جہنم واصل‘ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عارف الرحمان (عمر 32 سال؛ ساکن ضلع مانسہرہ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔