چینی کی قیمت میں 10 سے15 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا
سٹہ بازوں نے فیوچر ٹریڈ کے نام پر جنوری کے لیے مزید 8 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چینی کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔ سٹہ بازوں نے فیوچر ٹریڈ کے نام پر جنوری کے لیے مزید 8 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز ایک بار پھر چینی کی قیمت بڑھانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ ایکس مل ریٹ 115 سے 125 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ چھوٹے دکاندار 20 روپے اضافے کے ساتھ چینی 150 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔
ڈیلرز نے دسمبر کے دوران چینی کی فی کلو ہول سیل قیمت 128 روپے رہنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ اور جنوری میں 133 روپے۔ جس کے بعد 10 روپے فی کلو مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ نومبر تک صرف ایک لاکھ 83 ہزار ٹن پیداوار ہوئی ہے، یومیہ پیداوار 13 ہزار ٹن تھی جب کہ ملک میں یومیہ کھپت 18 سے 20 ہزار ٹن ہے۔ طلب اور رسد میں یہ فرق چینی کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔