ایف آئی اے کو سائبر کرائمز کی کتنے لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سائبر کرائم کے واقعات کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
ایف آئی اے کی رپورٹ میں گزشتہ 5 سالوں میں ہونے والی شکایات، تحقیقات اور کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران اسے سائبر کرائم سے متعلق تقریباً 6 لاکھ 63 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ رپورٹ ہونے والے ان واقعات کی مزید جانچ کے لیے 73,825 انکوائریاں شروع کیں۔
ان مقدمات کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے مبینہ مجرموں کے خلاف 5 ہزار 713 باضابطہ مقدمات درج کیے۔
گرفتاریاں اور سزائیں
تحقیقات کے نتیجے میں سائبر جرائم کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث 7 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں قانونی کارروائیوں کے نتائج پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 222 افراد کو سائبر کرائم میں ملوث ہونے پر سزا سنائی گئی۔