وفاقی حکومت کا طلبا کو الیکٹرک بائیکس ایوارڈ دینے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبا کو مفت الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، منصوبے کا مقصد ملک میں ماحول دوست سفری سہولیات کے طور پر الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کو فروغ دینے کی جانب پہلا قدم اٹھانا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکل پالیسی سے متعلق چوتھے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر 40 ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سیشن کے دوران وزیر نے دارالحکومت کے تمام پیٹرول پمپس کو ای وی چارجنگ اسٹیشنوں سے لیس کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔
مزید برآں حکومت عوام کو آسان قرضوں پر 39,000 الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور 1,900 الیکٹرک رکشے فراہم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، اس سے ملک کی ایک وسیع آبادی اپنی استطاعت کے مطابق سفری سہولیات حاصل کر سکے گی۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پورے عمل کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا جو وزیر اعظم شہباز شریف کے اسلام آباد کو ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، ان اقدامات کا مقصد ملک بھر میں ماحول دوست نقل و حمل کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پائیدار شہری ترقی کو بھی فروغ دینا ہے۔