عمران خان کا بچنا اب مشکل نہیں بلکہ ناممکن کیونکہ، فیض حمید نے کون کون سے شواہد فراہم کردیے؟


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹر فیصل واؤڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف شواہد فراہم کیے ہیں، جن میں مختلف ڈیوائسز شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا، پی ٹی آئی کے بانی اور ان کے ساتھیوں کے لیے مشکلات بڑھنے والی ہیں کیونکہ فیض حمید نے ان کے خلاف اہم شواہد فراہم کر دیے ہیں جن میں ڈیوائسز بھی شامل ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کے مقدمے نے عمران خان کی قیادت میں پارٹی کے سول نافرمانی کے مطالبے کو کمزور کر دیا ہے۔ “اگر فیض حمید کا مقدمہ نہ ہوتا، تو پی ٹی آئی کے بانی، ان کی اہلیہ اور ساتھی ان چیلنجز کا سامنا نہیں کرتے۔
سابق وزیر نے یہ بھی کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے بانی کا فوجی ٹرائل ہوتا ہے تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فیض حمید کے خلاف دیگر جرائم کی تحقیقات ابھی بھی جاری ہیں۔
آزاد سینیٹر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ایک نئی سوشل میڈیا مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس مہم کے ذریعے عوامی ہمدردی حاصل کرنے اور بیانیے کو اپنے حق میں موڑنے کی کوشش کرے گی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے اور کسی حل کی تلاش کرے۔ “نواز شریف حکومتی پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں لیکن وہ مذاکرات کے لیے کوئی بیان نہیں دے رہے۔