مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعان کردیا ہے۔
انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے کرکٹ شائقین اور اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’کافی سوچ بچار کے بعد میں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔‘
عماد وسیم نے اپنے پیغام میں مزید کہا، ’عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز اور گرین جرسی پہننا ہر لمحہ ناقابل فراموش رہا ہے۔‘
آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا، ’آپ کی غیرمتزلزل حمایت، محبت اور جذبہ ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہا ہے، میرے (کیریئر کے) نشیب و فراز میں آپ کی حوصلہ افزائی نے مجھے اپنے پیارے ملک کے لیے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہمت دی۔
عماد وسیم نے کہا، ’اب جب کہ یہ باب اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، میں ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کے ذریعے کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں اور مجھے یقین ہے کہ (بطور کھلاڑی) آپ کی امیدوں پر پورا اترتا رہوں گا، ہر چیز کے لیے آپ کا شکریہ پاکستان۔‘
واضح رہے کہ عماد وسیم کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے اور انہوں نے نومبر 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ بعد ازاں، رواں برس مارچ میں انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی کے آفیشلز سے ملاقات کے بعد میں نے اس بات پر غور کیا کہ کیوں نہ ریٹائرمنٹ واپس لے لوں۔
سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ پی سی بی کے آفیشلز سے ملاقات کے بعد میں نے اس بات پر غور کیا کہ کیوں نہ ریٹائرمنٹ واپس لے لوں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور اب قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا۔