’رقم کہاں سے آئی ایف بی آر تحقیقات کرے‘، دولت کی نمائش پر یوٹیوبر رجب بٹ تنقید کی زد میں
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر ان دنوں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی شادی کے چرچے ہو رہے ہیں جنہوں نے اپنی شادی کی تقریبات میں دولت کی بڑھ چڑھ کر نمائش کی ہے۔
جہاں رجب بٹ کے مداح ان کی شادی سے خوش ہو رہے ہیں وہیں ناقدین بے جا دولت کی نمودو نمائش پر تنقید کر رہے ہیں صارفین نے رجب بٹ کی ڈھولکی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خوب تنقید کی جس میں وہ اپنی اہلیہ ایمان کے اوپر پیسے پھینک رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ہمیں اس کلچر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جس میں خواتین کے اوپر پیسے نچھاور کیے جا رہے ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون وہاں آرام سے بیٹھ کر ایسا کیسے ہونے دے سکتی ہے؟ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صارف نے کہا کہ کوئی بھی غیرت مند اور باوقار عورت وہاں بیٹھنا برداشت نہیں کرے گی جب اس کے سر پر پیسہ پھینکا جا رہا ہو۔
ایک صارف نے لکھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہجوم میں سے کوئی کھڑا ہو کر ان کو بتائے کہ پیسوں کو یوں پھینکنا درست نہیں ہے اور غیر اسلامی ہے۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ اس جاہلانہ اور غلامانہ کلچر کو ختم ہونا چاہیے انسان نے جو بھی صدقہ خیرات کرنی ہو اس کو دکھانے سے مقصد فوت ہو جاتا ہے جو باقی رہ جاتا ہے وہ صرف دکھاوا اور طاقت کا نشہ ہے۔
اس جاہلانہ اور غلامانہ کلچر کو ختم ہونا چاہئے انسان نے جو بھی صدقہ خیرات کرنی ہو اسکو دکھانے سے مقصد فوت ہو جاتا ہے جو رہ جاتا ہے وہ دکھاوا ہے طاقت کے نشے کا
ایک صارف نے رجب بٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جتنے مرضی پڑھ لکھ جائیں لیکن ایسی ہی حرکتیں کرنی ہوں تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور اگر شعور نہ آیا تو ملک اگلے 77 سال بھی اسی حالت میں رہے گا جیسا آج ہے۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ پیسوں کی یہ کہانی اب پورا مہینہ چلے گی جبکہ متعدد صارفین ایسے بھی تھے جو یہ کہتے نظر آئے کہ رجب بٹ کو آخر یہ رقم کہاں سے مل رہی ہے ایف بی آر کو اس کی تحقیقات کرنی چاہیئں۔
واضح رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے 2024 میں پاکستان کی ٹاپ ٹرینڈنگ ویڈیوز کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں رجب بٹ پاکستان میں رواں سال سب سے زیادہ ٹاپ ٹرینڈنگ ویڈیوز والے یوٹیوبر بن گئےہیں۔ ان کے یوٹیوب پر 4.4 ملین سبسکرائبرز ہیں جبکہ ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد1.1 ملین ہے۔