پاکستان 300 بنگلہ دیشی طلبہ کو وظائف فراہم کرے گا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کے طلبہ کو اعلیٰ یونیورسٹیوں کے مختلف شعبوں میں 300 وظائف فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان بنگلہ دیش فرینڈ شپ اسکالرشپ پروگرام کے تحت وظائف پاکستان کی معروف یونیورسٹیوں کے کنسورشیم کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔
پاکستان کی وزارت تعلیم کی سربراہی میں ہونے والے اس پروگرام میں انجینیئرنگ، نیچرل سائنسز، میڈیسن، سوشل سائنسز، آرٹس اینڈ ہیومینٹیز، بزنس ایجوکیشن وغیرہ سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم نے اس پروگرام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط علمی اور ثقافتی روابط استوار کرنے کی ایک تزویراتی کوشش کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ وزارت کے ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خیر سگالی پیدا کرنا اور بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام میں شرکت کرنے والی یونیورسٹیوں کے کنسورشیم میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، آغا خان یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جیسے نامور ادارے شامل ہیں۔
زیادہ سے زیادہ آگاہی اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے یہ پروگرام بنگلہ دیش کی مقامی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر تعلیمی نمائش، سیمینارز اور روڈ شوز پیش کرے گا۔ ان اسکالرشپس کے لیے خصوصی طور پر ایک آن لائن پورٹل بھی شروع کیے جانے کی توقع ہے جس سے طلبہ کے لیے درخواست کے عمل ہموار ہوگا۔
سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں تعلیمی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام خیر سگالی کا اشارہ ہے اور خطے میں ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام افغانستان اور سری لنکا کے طلبہ کے لیے پاکستان کی موجودہ اسکالرشپ کی پیشکشوں کو وسعت دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس، رہنے کے اخراجات اور دیگر ضروری اخراجات پورے ہوں گے۔