مال مفت دل بے رحم، پنجاب اسمبلی کے ارکان نے اپنی تنخواہ میں کتنا اضافہ مانگ لیا؟
لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے بل آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،بل میں اراکین اسمبلی کی ماہانہ تنخواہوں میں چار لاکھ روپے کے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر 2 بجے ہونیوالے اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، بل منظور ہوتا ہے توجو ایم پی اے اس وقت ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کر رہا ہے اس کی تنخواہ یکم جنوری سے پانچ گنا بڑھ جائے گی۔
اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹسز اور آڈٹ رپورٹوں کے جوابات بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں اراکین کی جانب سے ایکسائز اور ٹیکسیشن کے شعبے اور منشیات کنٹرول سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی شامل ہوں گے۔اسمبلی میں صوبے میں قانون و امن کی صورتحال پر بھی بحث کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اراکین قومی اسمبلی (ایم این اے) ایک لاکھ 56 ہزارروپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں۔ تاہم ارکان پارلیمنٹ کے لیے کوئی گاڑیاں مختص نہیں کی گئیں، انہیں یوٹیلیٹی بلز کے لیے صرف 8 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔
چند روز قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا تھا کہ وفاقی وزرا تقریباً 2 لاکھ روپے کماتے ہیں، 95 فیصد اپنی پوری تنخواہ نہ لینے کا انتخاب کرتے ہیں، انہوں نے وزراء 1500 سی سی کار اور 400 لیٹر پیٹرول کے حقدار ہیں۔