مختلف اضلاع کو اے ایر یا میں شامل کر نا آمریت ہے ،نیشنل پا رٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ اور رکن اسمبلی خیر جان بلوچ نے حکومت کی جانب سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کو “اے ایریا” میں شامل کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آمریت کی بدترین شکل قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے باعث امن و امان کی صورتحال پہلے ہی بدتر ہو چکی ہے اور اب اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے لیویز فورس کو ختم کرکے عوام پر مزید ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آواران، پنجگور، کیچ، قلعہ عبداللہ اور چمن جیسے اضلاع کو “بی ایریا” سے “اے ایریا” میں شامل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جو کہ ایک مکمل عوام دشمن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں بیٹھ کر اس طرح کے فیصلے مسلط کرنا جمہوری اقدار کی خلاف ورزی اور ڈکٹیٹرشپ کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صوبے کے عوام کے ساتھ کھلی دشمنی اور لیویز فورس کے تاریخی کردار کو مٹانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ پولیس کے زیرِ انتظام علاقوں میں بدامنی اور جرائم کا گراف خطرناک حد تک بڑھا ہوا ہے گوادر کو پہلے “اے ایریا” میں تبدیل کر دیا گیا تھا، لیکن آج وہاں امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ چکی ہے۔گوادر کے عوام اب بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کے یہ اقدامات مسئلے کا حل نہیں بلکہ امن و امان کی خرابی کو مزید ہوا دینے کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کے زمینی حقائق اور قبائلی نظام سے بخوبی آگاہ ہے،اس کا کردار ہمیشہ مثبت اور امن بحال کرنے والا رہا ہے۔ لیویز کو ختم کرنا صرف ایک فورس کا خاتمہ نہیں بلکہ صوبے کے عوام کے اعتماد اور امن کی تباہی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ ہم اس ظلم اور زیادتی کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔”نیشنل پارٹی کے رہنماں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے یہ غیر جمہوری اور عوام دشمن فیصلہ واپس نہ لیا تو صوبے بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم بند کمروں میں بیٹھ کر صوبے کی تقدیر کے فیصلے کرنے نہیں دیں گے۔ لیویز فورس کا خاتمہ کسی صورت برداشت نہیں نیشنل پارٹی کے رہنماں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی اس ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں، تاکہ بلوچستان کے حقوق اور اس کی تاریخی فورس لیویز کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *