سرکاری حج اسکیم، ہدف پورا نہ ہو نے پر تمام درخواستگزار کامیاب قرار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سرکاری حج اسکیم کے تحت موصولہ درخواستوں میں غیر معمولی کمی، نتیجتاً تمام درخواست دہندگان کامیاب قرار دے دیے گئے۔
حکومت پاکستان کی حج اسکیم کے لیے درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع کے باوجود ہدف سے کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواست وصولی کی مدت میں مسلسل 3 بار اضافے کے باوجود ہدف سے 7 ہزار کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
تیسری مرتبہ مدت میں توسیع کے بعد بھی درخواستگزاروں کی مجموعی تعداد 28 ہزار ہی ہوسکی ہے، جو سرکاری ہدف سے 7 ہزار کم ہے۔
اس صورتحال میں جب مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہوسکا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے تمام 28 ہزار درخواستگزاروں کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری ہدف پورا نہ ہونے پر اب 7 ہزار امیدواروں کا خالی کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے یا درخواست وصولی کی مدت میں مزید توسیع پر غور کیا جارہا ہے۔