سندھ میں اب گاڑیوں پر صرف اجرک والی نمبر پلیٹس لگیں گی، احکامات جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ ایکسائز سندھ نے تمام کمرشل و نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سفید رنگ اور سندھی اجرک کے ڈیزائن کی ہوں گی، جبکہ کمرشل گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پیلے رنگ اور سندھی اجرک کے ڈیزائن پر مشتمل ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 3 اپریل 2025 کے بعد نجی گاڑیوں پر پیلی جبکہ کمرشل گاڑیوں پر کالی نمبر پلیٹس ناقابل قبول ہوں گی۔
محکمہ ایکسائز سندھ کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس کی تبدیلی کا فیصلہ گاڑیوں کے حفاظتی اقدامات اور یکساں شناخت کےلیے کیا گیا ہے، تمام گاڑی مالکان 3 اپریل 2025 سے قبل اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کروالیں۔