حکومت بلوچستان کی جعلی ویب سائٹ کے خلاف قانونی کارروائی شروع


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) حکومت بلوچستان نے یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے نام پر بنائی گئی جعلی ویب سائٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے بتایا کہ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے نوجوانوں سے رقم طلب کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل بی ٹیوٹا نے اس جعلی ویب سائٹ کے ڈومین کو بلاک کرنے کے لیے ایف آئی اے کو مراسلہ ارسال کردیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت نے شکایات کا فوری نوٹس لیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل بی ٹیوٹا نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان نے نوجوانوں کو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا جعل سازی کا شکار نہ بنیں اور کسی بھی معاونت یا معلومات کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کریں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ جعل ساز عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو کسی نقصان سے بچایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *