سردیوں میں مناسب مقدار میں پانی پینے کے فائدے جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہی عادت ڈال لیں
موسم گرم ہو یا سرد، مناسب مقدار میں پانی پینے سے صحت کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہمارا جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مبنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ روزانہ مناسب مقدار میں پانی پیناسب کے لیے ضروری ہے۔
مگر سردیوں میں پیاس کم لگتی ہے اور بہت سے افراد کم پانی پینے لگتے ہیں۔موسم گرم ہو یا سرد، مناسب مقدار میں پانی پینے سے صحت کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
آیئے جانتے ہیں سردیوں میں مناسب مقدار میں پانی پینے کے کیا فائدے ہوتے ہیں۔
جسم تھکاوٹ سے دور رہتا ہے
اگر آپ کے جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہو تو جسمانی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
ڈی ہائیڈریشن سے سے جسم کا درجہ حرارت گھٹ جاتا ہے، جسمانی مشقت کرنے کا عزم کم ہوتا ہے اور تھکاوٹ بڑھتی ہے، جس کے باعث کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
دماغی افعال کے لیے لازم
ہمارا دماغ پانی کی کمی کے باعث بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق جسم میں پانی کی معمولی کمی سے بھی متعدد دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔
سر درد سے بچنے میں مدد ملتی ہے
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ سر درد جسم میں پانی کی کمی کی سب سے عام علامت ہے۔کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ کئی بار پانی پینے سے بھی سر درد کی شدت میں کمی آتی ہے۔
قبض کو دور رکھنا ممکن
درحقیقت ہر عمر کے افراد میں ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں قبض کا خطرہ بڑھتا ہے۔تو اگر چاہتے ہیں قبض کو ہمیشہ خود سے دور رکھناتو پانی کی مناسب مقدار کا استعمال عادت بنالیں۔
گردوں کی پتھری سے تحفظ
گردوں میں پتھری بہت عام مسئلہ ہے اور اکثر پانی کی کمی سے اسے منسلک کیا جاتا ہے۔
مناسب مقدار میں پانی پینے سے گردوں میں پتھری کا خطرہ کم ہوتا ہے کیونکہ منرلز جمع ہونے کی بجائے پیشاب کے راستے خارج ہو جاتی ہیں۔