گوادر، میرین ڈرائیو پر آل پارٹیزکا احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخل
گوادر(قدرت روزنامہ)عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے گوادر میرین ڈرائیو پر آل پارٹیز کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخلہوگیا ۔گوادر بار ایسوسی ایشن کے وفد کی دھرنا گاہ آمد ،اظہار یکجہتیکی ۔تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز گوادر کے زیراہتمام مطالبات کے حق میں جاری دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوا۔اس موقع پر گوادر بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر نعیم شریف کی قیادت میں وکلاء نے شرکت کی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آل پارٹیز کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا،دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے گوادر بار ایسوسی کے صدر نعیم شریف , سابق صدر ایڈوکیٹ صدیق زعمرانی ،سابق صدر نامور وکیل بی این پی عوامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سعید فیض ایڈوکیٹ،بی این پی کے ماہیگیر سیکریٹری خداد واجو،بی این پی مینگل کے سنٹرل کمیٹی کے رُکن کہدہ علی بلوچ،محمد جان دشتی،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر شاہد اسحاق،حکیم مجید تحریک انصاف کے صدر مولا بخش مجاہد نے کہاکہ گوادر دھرنا عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے دیا جارہا ہے،تمام مطالبات عوامی مسائل پر مشتمل ہیں ،ترقی اور گوادر کے نام پر اربوں ڈالرز لون حاصل کرکے لاہور اور اسلام آباد کو ترقی دیا گیا ہے،لیکن یہاں کے عوام دو دہائی گزرنے کےباوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں،بجلی اور پانی کے مسئلے سے لیکر ٹرالنگ،بجلی کی عدم فراہمی،شہر کا کھنڈرات میں تبدیل ہونا،کنٹانی میں ٹوکن سسٹم کا نفاذ ،تلار اور نلینٹ چیک پوسٹوں پر تیل بردار گاڑیوں کی گھنٹوں تک روک تھام اور انکی تذلیل,طوفانی بارشوں کے متاثرین عدم بحالی اور وزیر اعظم کے اعلان شدہ امدادی رقم کی تاحال عدم وصولی ،کلانچی پاڑہ کے مکینوں کو مالکانہ حقوق کیس کا التواء ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی نا اہلی کو عیاں کرتا ہے۔مقررین نے کہا گوادر کے عوام کا قصور اور سزا یہ ہے کہ وہ اس شہر کے باسی ہیں جہاں گوادر پورٹ اور انٹر نیشنل ائیر پورٹ تعمیر کیۓ جا چکے ہیں،ترقی کے نام پر عوام کی تذلیل اور انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ملک کی آئین و قانون کی صریحاََ خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہاکہ بلوچ قوم پرستی کے نام پر گوادر کے غریب کو دھوکہ دے کر اسمبلی میں جانے والا جعلی نمائندہ عوام کو ہرگز قبول نہیںآل پارٹیز گوادر کے رہنماؤں نے کہاکہ موجودہ حکمران غریب عوام کو روزگار دینے کے بجاے لوگوں کو بے روزگار کرنے کے چکر میں ہے۔ حکمران ہوش سے کام لے کھنٹانی کے بند ہونے سے لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوجاہیگے۔ دھرنے میں وکلاء کے علاوہ معروف شخصیت بابو احمد بخش،کلانچ سے میر احمد،تاج بلوچ،ناصر کلانچی،خدابخش سمیت دیگر نے دھرنا گاہ آکر یکجہتی کا اظہار کیا۔دھرنا نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ،آل پارٹیز کے سربراہ ہوت عبدالغفور کی قیادت میں جاری ہے*