بلوچستان میں منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام،بڑی مقدار میں منشیات برآمد
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی ہیں۔قلعہ عبداللہ میں 156.8 کلو چرس برآمداے این ایف نے قلعہ عبداللہ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 156.8 کلو چرس برآمد کی۔ یہ منشیات اسمگلروں کی جانب سے قلعہ عبداللہ میں چھپائی گئی تھی، تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں کی فوری کارروائی کے نتیجے میں یہ بڑی مقدار میں چرس برآمد کر لی گئی۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے ضلع چاغی کے غیر آباد علاقے میں بھی بڑی کارروائی کی، جہاں سے 90 کلو افیون اور 7 کلو آئس برآمد ہوئی۔ یہ منشیات غیر قانونی طور پر اسمگل کی جارہی تھیں، جنہیں فورس نے بروقت کارروائی کرکے اپنے قبضے میں لے لیا۔اس کے علاوہ، حب کے علاقے وندر سے 18 کلو افیون اور 6 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ کوسٹل لائن پسنی کے علاقے سے بھی 60 کلو چرس برآمد کی گئی۔ ان تمام کارروائیوں سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ بلوچستان میں منشیات کی اسمگلنگ کی بڑی کوششوں کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے ناکام بناتے ہوئے صوبے میں منشیات کے پھیلا کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔