لڑکی کو بدنام کرنیوالی دوسری لڑکی بھائی سمیت پکڑی گئی
کراچی(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے سکھر، لاڑکانہ اور کراچی میں دو مختلف کارروائیوں میں پورنو گرافی اور خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ،ایڈیشنل ڈائریکٹر، ایف آئی اے سائبر کرائم زون سندھ عمران ریاض کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ میں کارروائیاں کی گئیں، جس کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔
عمران ریاض کے مطابق ایک اور کارروائی میں کراچی سے لڑکی کو بدنام، ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث بھائی بہن کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان میں سید آدرش بُخاری اور سیدہ دانیہ شاہ شامل ہیں۔ ملزم آدرش اپنی سابقہ اہلیہ پر تشدد اور نازیبا ویڈیو بنانے میں ملوث ہے جب کہ اس کی بہن ملزمہ دانیہ اپنی سابقہ بھابھی کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی تھی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سکھر سے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 4 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی، جن میں قاسم، ہیبت خان، شاہد حسین اور فراز شیخ شامل ہیں۔ ملزمان نے کم عمر لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بچے سے زیادتی کی ویڈیو بھی وائرل کی، ملزمان مقامی گلوکار کو بدنام کرنے کے واقعے میں بھی ملوث ہیں۔