مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ نہیں بنا، بڑا قانونی پیکیج پارلیمنٹ میں لارہے ہیں، وزیر قانون
اسلام آباد ـ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ نہیں بنا ہے اور ایک بڑا قانونی پیکیج پارلیمنٹ میں لایا جارہا ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل پر اسپیکر قومی اسمبلی اعتراض دور نہیں کرسکتے، اس بل پر لگنے والے اعتراض قومی اسمبلی میں آنے چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک بڑا قانونی پیکیج پارلیمنٹ میں لایا جارہا ہے، 95 ترامیم کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ مدارس رجسٹریشن سے متعلق ترمیمی بل ایکٹ بن چکا ہے، اس میں کوئی ترامیم قبول نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کے دور میں ایک بل گیا تو انہوں نے 10 دن کے اندر اس پر دستخط نہیں کیے جس پر وہ خودبخود قانون بن گیا، اب یہ نظیر قائم ہوچکی، لہٰذا اس بل کے معاملے پر بھی صدر کے اعتراض کا جواب ہوچکا، اس لحاظ سے مدارس رجسٹریشن بل اب ایکٹ بن چکا ہے۔