نادرا کا پینشنرز اور بزرگ شہریوں کے لیے چہرے کی شناخت کا نیا نظام کب نافذالعمل ہوگا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نادرا کی جانب سے پینشنرز اور بزرگ شہریوں کے لیے چہرے کی شناخت کا نیا نظام، شناخت کی نئی ٹیکنالوجی 15 جنوری 2025 سے متعارف ہوگی۔ چہرے کی شناخت کی تصدیق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یا نادرا مراکز پر کرائی جا سکے گی۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے ہیڈ کوارٹرز میں بائیو میٹرک اور شناختی تصدیقی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر ایک مشاورتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
نادرا کی جانب سے نیا نظام انگلیوں کے مدہم نشانات والے بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو 15 جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسرنے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں کو پیش آنے والی مشکلات اور انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انگلیوں کے مدھم نشانات والے شہریوں بالخصوص پینشنرز اور بزرگ شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔