افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش، سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی ،4 خوارج ہلاک، پاک فوج کا جوان شہید

راولپنڈی( قدرت روزنامہ )پاک ، افغان سرحد پر 19/20 دسمبر کی رات خارجیوں کے گروپ نے درانداز ی کی کوشش کی گئی ،سیکیورٹی فورسز کے دستوں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اورخیبر ڈسٹرکٹ کے جنرل علاقے راجگال میں ان کیخلاف مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4خارجی ہلاک ہو گئے۔جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر سپاہی عامر سہیل آفریدی (عمر: 22 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خیبر) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نو ش کیا ۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کی کاروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *