مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان، مگر کہاں؟
لاہورـقدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ میں اضافہ متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور صوبے کے شمال مشرقی علاقوں میں 23 دسمبر سے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے این ای او سی (نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر) نے آئندہ ہفتے کے دوران موسمی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ اور بلوچستا ن میں اگلے ہفتے کے دوران موسم خشک اور سر رہے گا۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 21 تا 26 دسمبر موسم سرد اور خشک جبکہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ سموگ سے متاثرہ علاقوں میں عوام گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سفر کے دوران احتیاط برتیں۔
برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔