اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبا کا خیرپور ٹامیوالی فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ

بہاولپورـ(قدرت روزنامہ)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبا اور فیکلٹی نے خیرپور ٹامیوالی فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی کا مشاہدہ کیا۔

دورے کے دوران طلبا نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ زندگی کو قریب سے دیکھا اور ان کی دفاعی حکمت عملی سے آگاہی حاصل کی۔ طلبا کو فوجی تربیت اور نظم و ضبط کی عملی جھلک دیکھنے کا موقع بھی ملا۔

جدید فوجی ساز و سامان کے استعمال اور بکتر بند گاڑیوں کی سواری نے طلبا کے لیے اس دن کو مزید یادگار بنا دیا۔ اس دورے کا مقصد عوام اور فوج کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور نوجوانوں میں دفاع وطن کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔

طلبا نے پاک فوج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ ان کے لیے زندگی بھر یادگار رہے گا۔