سری دیوی کے ایک انکار نے مادھوری کو ’’دھک دھک گرل‘‘ بنادیا
سری دیوی نے فلم ’’بیٹا‘‘ میں مرکزی کردار کی آفر کو ٹھکرا دیا تھا
ممبئی(قدرت روزنامہ)’’دھک دھک گرل‘‘ کا نام سنتے ہی مادھوری ڈکشٹ کا خیال ذہن میں آجاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں مادھوری کے اس مشہور نام کے پیچھے سری دیوی کا ایک انکار ہے؟
انیل کپور کی بلاک بسٹر فلم ’’بیٹا‘‘ کی کامیابی نے مرکزی کردار ادا کرنے والی مادھوری ڈکشٹ کو راتوں رات اسٹارڈم میں لانے میں مدد کی تھی۔ لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ اس فلم کےلیے ہدایت کار کا پہلا انتخاب سری دیوی کا تھا۔
فلم کے ہدایت کار اندرا کمار نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’’بیٹا‘‘ میں سری دیوی کو مرکزی کردار میں کاسٹ کرنا چاہتے ۔ تاہم سری دیوی کے انکار کے بعد مادھوری ڈکشٹ کو اس کردار کی پیشکش کی گئی جو ان کے کیریئر میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔
ہدایت کار نے یہ بھی بتایا کہ خود انھیں بھی فلم کی اتنی بڑی کامیابی کا اندازہ نہیں تھا۔ 1992 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ایک کمرشل بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
اس فلم کے مشہور گانے کی ڈانس پرفارمنس نے مادھوری پر ایسے انمٹ نقوش چھوڑے کے انھیں برسوں تک ’’دھک دھک‘‘ گرل کے نام سے پکارا جانے لگا۔ مادھوری نے فلم کے گانے ’’دھک دھک کرنے لگا‘‘ میں اپنی ناقابل فراموش اداکاری کے بعد یہ لقب حاصل کیا تھا۔
بیٹا 1992 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک تھی، جس کا گانا ’’دھک دھک‘‘ نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ ایک چارٹ بسٹر بن گیا۔ فلم کی کامیابی نے مادھوری کو راتوں رات سپر اسٹارڈم میں لانے میں مدد کی، جس سے وہ انڈسٹری میں ایک محبوب شخصیت بن گئیں۔