وزیر اعلیٰ بلوچستان کے استعفیٰ دینے کی خبروں پر سینیٹر انوار کاکڑ بھی بول پڑے

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مستعفی ہونے کی خبروں پر ان کے قریبی ساتھی سینیٹر انوار کاکڑ بھی کھل کر بول اٹھے ، بتایا کہ جام کمال نے استعفیٰ نہیں دیا۔سینیٹر انوار کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال جمہوری طریقے سے وزیر اعلیٰ بنیں ہیں اور وہ جمہوری طریقے سے ہی جائیں گے ، ان کے مستعفی ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان خود بھی استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے استعفیٰ نہیں دیا ، اتحادی جماعتوں کے ارکان سمیت اسمبلی کے 41 ارکان کی حمایت حاصل ہے جو عددی لحاظ سے ایوان کا 80 بنتی ہے ۔ادھر گورنر بلوچستان بھی کہہ چکے ہیں کہ انہیں وزیر اعلیٰ جام کمال کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔
اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ جام کمال وزیر اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں ، انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان کو ارسال کر دیا ہے ۔