190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئے، یہ سراسر جھوٹ ہے، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئے، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگ سراسر جھوٹ بول رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں خواجہ آصف نے لکھا، ’پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوۓ ہیں، یہ سراسر جھوٹ ہے اور یوتھیوں کی جہالت ہے‘۔
انہوں نے کہا، ’ملک ریاض نے جس زمین پر کراچی بحریہ ٹاؤن بنایا ہے وہ سندھ حکومت کی زمین تھی جو کوڑیوں کے بھاؤ ملک صاحب کو مل گئی، سپریم کورٹ نے اندازہ لگایا کہ ریاست کو سینکڑوں ارب کا چونا لگایا گیا ہے‘۔
خواجہ آصف نے کہا، ’اس رقم کا سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا اور بحریہ ٹاؤن کے نام کئی سو ارب روپے قرض کا اکاؤنٹ کھڑا ہوگیا جو ملک ریاض نے ایڈجسٹ کرنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا، ’یہ رقم ریاست کو جانی تھی، عمران خان نے لندن سے جو 190 ملین پاؤنڈ آئے اس سے بحریہ کے قرضے میں کمال مہربانی سے ایڈجسٹ کروا دیے اور کابینہ سے بند لفافے کی منظوری لے لی، اس کے بدلے القادر ٹرسٹ کی زمین، نقد رقم اور بہت سی دو نمبری کی‘۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ 18 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی حتمی سماعت میں فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا۔ اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *