گداگری میں ڈی پورٹ شخص دوبارہ سعودیہ جانیکی کوشش میں گرفتار، ایجنٹ نے کیا مشورہ دیا؟
كراچي(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں گداگری پر بے دخل شہری کو ورک ویزے پر دوبارہ جدہ جاتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے گدا گری پر سعودی عرب سے بے دخل کیے گئے شہری کو ورک ویزے پر جدہ جاتے ہوئے آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا۔
امیگریشن حکام کے مطابق مسافر الہاندو پنہور غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز سے جدہ جانے کے لیے کراچی ائیرپورٹ پہنچا تھا لیکن امیگریشن کے دوران مسافر کا نام بلیک لسٹ کیٹیگری میں شامل پایا گیا۔
ریکارڈ کے مطابق الہاندو پنہور سال 2019 میں عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گیا تھا، مسافر سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث رہا تھا جسے سعودی پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
گداگری پر ملزم جیل میں رہا اور اسے جون 2023 میں پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا تھا، جس کے بعد سے گداگری میں ملوث ہونے پر مسافر کا نام بلیک لسٹ کیٹیگری میں شامل کردیا گیا تھا۔
آف لوڈ کر کے حراست میں لیے جانے پر مسافر نے بیان دیا کہ اس نے 2 لاکھ 40 ہزار روپے میں سعودی عرب کا ورک ویزہ اور ٹکٹ ایجنٹ عبدالشکور سے لیا۔
ایجنٹ نے مسافر کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد بھیک مانگنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔