بی اے پی بلوچستان کو ترقی یافتہ اور پاکستان کو مستحکم بنائے گی، ظہور بلیدی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر رکن صوبائی اسمبلی میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں گڈگورننس، ترقی، جمہوری، اقدار کو فروغ دیکر بلوچستان کو ترقی یافتہ اور پاکستان کو مستحکم بنائے گی،یہ بات انہوں نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کے صدر ہونے کے ناطے بلوچستان کے عوام، سیاسی جماعتوں، دانشوروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بات کی یقین دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ ہم ابتر حکمرانی، کرپشن، صوبے کے وسائل کی بد انتظامی اور جام حکومت کے عقل کل ہونے طرز حکومت کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں،

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے آئینی، جائز مالی حقوق کے حصول کے لئے موثر سیاسی جماعت کے طور پر بنائی گئی تھی لیکن پارٹی کے سابق صدر کی وجہ سے پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ تین سال میں ہی تنزلی کا شکار ہواجسے بچانے کے لئے ہم آگے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی مقصد بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی ہے ہم صوبے میں گڈ گورننس، اجتماعیت، کثیر الثقافتی روادی اور جمہوری،سماجی،ثقافتی اقدار کو فروغ دینا چاہتے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بہترترقی کر کے پاکستان کومضبوط کریں گے