کل سے سول نافرمانی کی مرحلہ وار تحریک شروع ہوگی، شیخ وقاص اکرم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے معاملے پر غیرسنجیدہ ہے، لہٰذا کل سے سول نافرمانی کی مرحلہ وار تحریک شروع ہوگی۔
شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے متعلق بات کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے شکر گزار ہیں تاہم حکومت معاملات بہتری کی طرف نہیں لے جانا چاہتی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے لہٰذا کل سے سول نافرمانی کی مرحلہ وار تحریک شروع کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم درخواست گزار نہیں ہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس درخواست جمع کریں۔
شیخ وقاص اکرم کا یہ بیان وزیراعظم کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دئے جانے سے قبل آیا تھا۔
اس سے قبل سول نافرمانی کی ڈیڈ لائن پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آئے تھے۔
لطیف کھوسہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ بانی چیئرمین کی جانب سے آج ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، ہم نے اپنے بیرون ملک چیپٹرز کو ریمٹنس کے حوالے سے متحرک کر دیا ہے۔
تاہم، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج کے دن ڈیڈ لائن ابھی تک باقی ہے، میں بڑے وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ آج ہفتے تک کا وقت باقی ہے، ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کو دیکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *