منصوبہ تیار، چین پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر کروڑوں ڈالر لگائے گا
کراچی (قدرت روزنامہ)چینی کمپنی نے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے پاکستان میں 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے ای وی سیکٹر میں چین کی سرمایہ کاری میں دلچسپی نظر آ رہی ہے اور اس سلسلے میں چین کی کمپنی اے ڈی ایم گروپ نے پاکستان میں 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کے تحت پاکستان میں 3 ہزارسے زائد الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔ سندھ میں ایک ہزار ، پنجاب میں 1500 اور خیبرپختونخوا و بلوچستان میں 750 اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔
اے ڈی ایم گروپ ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری فراہم کرے گا۔ پاکستان میں ای وی مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے لیے 250 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
الیکٹرک گاڑیاں ایک مرتبہ چارج کرنے پر 300 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوں گی۔ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال کاربن کے اخراج میں کمی اور ایندھن پر انحصار کم کرنے میں معاون ہوگا۔
گرین انرجی اہداف کے مطابق پاکستان ای وی مینوفیکچرنگ اور انفرا اسٹرکچر کا علاقائی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کا قیام حکومت کی ماحول دوست پالیسیوں کے لیے خوش آئند ہے۔