اپنے بچے آرام سے بیٹھے ہیں اور لوگوں کے بچے جیلوں میں رل رہے ہیں، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب نے فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا آغاز کر دیا
لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں ایک ماں ہوں، کیا کبھی کوئی ماں کہے گی جلا دو، مار دو، ڈنڈے پکڑ لو، اپنے بچے آرام سے بیٹھے ہیں اور لوگوں کے بچے جیلوں میں رل رہے ہیں۔
فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کو اسکالرشپ دیتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دوسرے فیز میں فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا آغاز کیا۔ 1660 اسکالرشپ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز، 637 اسکالرشپس فیڈرل اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ کو دی جا رہی ہیں۔
پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ اب پرائیویٹ ٹیکنالوجی اور پروفیشنل یونیورسٹی طلبہ کو بھی ہونہار اسکالر شپ دی گئی۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت 68 شعبہ کے نمایاں طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ پنجاب کے 22 سال سے کم عمر طلبہ اپلائی کر سکتے ہیں، ماہانہ انکم 3 لاکھ سے کم ہونی چاہیئے۔