امیر مردوں سے شادی کر کے لوٹنے والی دلہن گرفتار
ممبئی (قدرت روزنامہ )بھارتی پولیس نے متعدد امیر مردوں سے شادی کرکے لوٹنے والی لٹیری دلہن کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتراکھنڈ کی رہنے والی سیما عرف نکی نے پہلی شادی 2013 میں آگرہ کے ایک تاجر سے کی تھی۔ کچھ عرصے بعد اس نے اس شخص کے خاندان کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور سمجھوتے کے طور پر 75 لاکھ روپے وصول کیے۔
2017 میں سیما نے گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر سے شادی کی اور بعد میں اس سے علیحدگی کے بعد اس شخص سے تصفیہ کے طور پر 10 لاکھ روپے لیے۔اس کے بعد اس نے 2023 میں جے پور کے ایک تاجر سے شادی کر لی لیکن جلد ہی 36 لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی لے کر اس کے گھر سے فرار ہوگئی۔
اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کے بعد جے پور پولیس نے سیما کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق سیما نے میچ میکنگ سائٹس پر اپنے متاثرین کو تلاش کیا، عام طور پر وہ اُن مردوں سے رابطہ کرتی تھی جو یا تو طلاق یافتہ یا اپنی بیویاں کھو چکے ہوتے تھے۔
سیما عرف نکی نے مختلف ریاستوں میں شادی کرکے تصفیہ کے طور پر کُل ایک کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے جمع کیے۔