’فواد چوہدری تم ایسے نہیں ہو اور۔۔‘ ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری سے سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث وائرل ہو گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) شیریں مزاری اور بیٹی ایمان مزاری کے درمیان سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر صورتحال اس وقت مضحیکہ خیز ہوگئی جب شیریں مزاری نے فواد چوہدری کو مخاطب کر کہا کہ ’میرے دوست تم بالکل بھی ایسے نہیں ہو‘ جس کے بعد ایمان مزاری ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بالکل ایسا ہی ہے ۔۔۔ کیونکہ اس کی ٹریننگ اسٹیبلشمنٹ سے ہوئی ہے‘۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق ماں اور بیٹی کے دوران تکرار اس وقت سامنے آئی جب سلمان درانی نے ایک پوسٹ شیئر کی۔ اس پوسٹ کے ٹائٹل پر فواد چوہدری کے حوالے سے ایک بیان درج تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ’مجھ پر تنقید پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا نہیں بلکہ پاکستان مخالف سوشل میڈیا کررہا ہے‘۔
اس پوسٹ پر شیریں مزاری نے کہا کہ ’جو لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں انہیں پاکستان مخالف قرار نہیں دینا چاہیے۔ یہ بہت عجیب بات ہے اور (اس طرح کا بیان) جابرانہ ماحول کی حوصلہ افزائی کرتا ہے‘۔
شیریں مزاری نے مزید کہا کہ ’ہمیں آزادی اظہار رائے اور آئینی حقوق کی پاسداری سمیت برداشت کا حوصلہ رکھنا چاہیے‘۔
آخر میں شریں مزاری نے فواد چوہدری کو مخاطب کرکے کہ ’میرے دوست تم بالکل بھی ایسے نہیں ہو‘۔ گویا شیریں مزار کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری فطرتاً ایسا نہیں کہ وہ اختلاف رائے پر لوگوں کو غداری یا حب الوطنی کا سرٹیفکٹ دیتا پھیرے۔
شیریں مزاری کی ٹوئٹ پر ان کی بیٹی ایمان مزاری نے ری ٹوئٹ کیا اور قدرے خشونت انداز میں اپنی ماں کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ کو بہتر دوستوں کی ضرورت ہے، یہ (فواد چوہدری) بالکل ایسا ہی ہے، اس نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور جو لوگ اُسے سیاست میں لائے اور ان کی وجہ یہ جیل میں گیا، اب بھی ان ہی لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
ایمان مزاری نے مزید کہا کہ ’فواد چوہدری حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ تقسیم کررہا ہے کیونکہ اس کی ٹریننگ اسٹیبلشمنٹ سے ہوئی ہے‘۔