پی ٹی آئی نے مذاکرات میں حکومت سے کیا مطالبہ کیا؟ عرفان صدیقی نے بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سیاسی مذاکرات کی پہلی نشست میں عمران خان کی رہائی سمیت 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کے مذاکراتی سیشن بہت بڑی پیشرفت ہے، ہم نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر کسی منفی ردعمل کا اظہار نہیں کیا، بلکہ انہیں کہا ہے کہ اپنے مطالبات تحریری شکل میں لے آئیں۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے لیے ہمیں کوئی اشارہ یا تلقین نہیں، پی ٹی آئی یا حکومت کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے تو اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم مذاکرات کا دکھاوا نہیں کررہے، بلکہ کھلے دل سے بات چیت کررہے ہیں، ہماری قیادت نے ہمیں کہا ہے کہ معاملات سلجھانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہاکہ قیادت نے کہا ہے کہ معاملات سلجھانے کے لیے جس حد تک جانا پڑے جائیں، اب پی ٹی آئی کے مطالبات پر دیکھا جائے گا یہ کس حد تک قابل عمل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی طرف سے مذاکرات میں کوئی رکاوٹ نہیں، ہم بہت سنجیدگی سے بات چیت کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت نیچے لانے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے، جس کا پہلا دور آج پارلیمنٹ میں ہوا، جبکہ دوسرا اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *