حکومت سے مذاکرات عمران خان کی تائید سے ہی جاری رہ سکتے ہیں، سلمان اکرم راجا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجا نے کہا ہے پی ٹی آئی کے حکومت سے مذاکرات عمران خان کی تائید سے ہی جاری رہ سکتے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں جیلوں میں قید پی ٹی آئی کارکنان کو رہا کیا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس وقت نظام منفی رویوں پر مبنی ہے، ہزاروں کی تعداد میں ہمارے کارکنان جیلوں میں ہیں، یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی سمیت تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کو ضمانتیں ملنی چاہیے، ان کے کیسز چلتے رہیں، کیسز تو چلتے رہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم فوجی عدالتوں کو نہیں مانتے، فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، پی ٹی آئی دور حکومت میں آئینی ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتوں کو تحفظ دیا گیا تھا، یہ غلط روش ہے، فوجی عدالتوں کے حوالے سے فیصلہ اس وقت صحیح تھا نہ اب صحیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے ہٹ کے بڑا معاملہ یہ ہے کہ ملک میں عوام کو ان کا مینڈیٹ کیسے واپس دلایا جائے یہ کیسے ممکن بنانا ہے کہ آئندہ عوام کا حق نہ لوٹا جائے، ہمارے تمام سیاسی کارکنان کو رہائی ملنی چاہیے، قتل کے مجرم کو ضمانت مل جاتی ہے، ہمارے رہنماؤں کو ضمانت ملنی چاہیے، مقدمات چلتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی عمران خان نے تشکیل دی تھی،مذاکرات کا عمل عمران خان کی تائید سے ہی چلے گا،9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، جو حقائق سامنے لائے، 2 جنوری کو مذاکرات میں شریک ہوں گا، امید سے معاملات آگے بڑھیں گے۔
پاکستان پر امریکی پابندیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پاکستان پر پابندی سیاسی معاملہ نہیں، یہ دفاع اور فارن پالیسی کا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ باہر سے بیٹھ کر کوئی ملک کو کنٹرول کرے۔