بابائے قوم کا یوم پیدائش ،افواجِ پاکستان کاشاندار الفاظ میں خراج عقیدت ، مسیحی برادری کے نام مبارکباد کا پیغام
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے پرمسرت موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان نے بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائداعظمؒ کے لازوال وژن اور بے مثال قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، جن کی انتھک کوششوں نے ہمارے عوام کو متحد کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔ قومی اہمیت کے اس دن پر، ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے قائد کے رہنما اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کرتے ہیں، جو قوم کیلیے مشعل راہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ اور اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں، کرسمس کو دنیا بھر میں محبت، ہمدردی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاک فوج ان اقدار اور جذبات کی قدر کرتی ہے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حفاظت اور اپنے عوام اور وطن کی خدمت میں انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کے نظریات کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔