اداکارہ سائرہ یوسف کا سپر سٹورسے چوری کا اعتراف، وجہ بھی بتا دی
کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف ماڈل اداکارہ سائرہ یوسف نے ویڈیو وائرل ہوجانے کے بعد سپر سٹورمیں چوری کا اعتراف کرلیا۔
گزشتہ روزسائرہ یوسف کی ایک سپر سٹور میں داخل ہو کر چوری کرنے کی انوکھی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر کھلبلی مچادی تھی۔البتہ اب سائرہ یوسف نے خود انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرکے نہ صرف اس چوری کا اعتراف کرلیا بلکہ اس کی وجہ بھی بتادی۔
ویڈیو میں اداکارہ نے کہا کہ ’میں اعتراف کرتی ہوں کہ (چوری کرنے والی) میں ہی تھی کیوں کہ مجھ سے صبر نہیں ہوا اور مجھے یقین ہے آپ سے بھی نہیں ہوگا، چاہے مجھے کوئی بھی الزام دیں لیکن سب سے کریمی ملک چاکلیٹ کیلئے میں مجرم ہوں‘۔
پچھلی ویڈیو میں سائرہ کو ایک سٹور میں خریداری کیلئے داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جسکے بعد وہ سی سی ٹی کیمروں میں اس سٹور کے اندر کچھ دیر ادھر ادھر گھومتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
تاہم ایک لمحہ ایسا آیا جس نے ناظرین کو چونکا دیا۔ سائرہ نے ایک ریک کے نزدیک رک کر ادھر ادھر دیکھا اور پھر ہوڈی سے چہرہ چھپاکر ریک پر رکھی پروڈکٹس اپنے بیگ میں ڈالی اور تیزی سے وہاں سے فرار ہو گئی۔
سائرہ کی اس حرکت پر ناظرین یقین کرنے کو تیا رنہیں تھے کہ آیا یہ حقیقت ہے یا فسانہ۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے کسی اشتہاری مہم کا حصہ قرار دیا تو کسی نے اسے اے آئی ویڈیو کہا ایک صارف نے تو صاف کہہ ڈالا کہ میں مان ہی نہیں سکتی ، اور ایک نے کہا کہ نہیں ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔اس طرح مداحوں کا اندازہ درست ثابت ہوا اور اداکارہ کی جانب سے چوری کی ویڈیو اصل میں ایک چاکلیٹ کی اشتہاری مہم کا حصہ تھی۔
اصل حقیقت کی تفصیل سامنے نہ آنے تک انٹر نیٹ صارفین سائرہ یوسف کے اس نرالے روپ پر حیران وپریشان تھے اور اپنی جانب سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔اب سائرہ کی نئی ویڈیو پر مداح ان کی کیوٹنیس کو سراہتے ہوئے کہتے نظر آرہے ہیں کہ انہیں معلوم تھا اداکارہ ایسا نہیں کرسکتیں۔