جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے کی پیشگوئی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے سردی کے رواں سیزن میں بارش اور برف باری کم ہونے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق ملک میں سردی نے ڈیرے جمائے رکھے ہیں، جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سردی سے ندی نالوں حتیٰ کہ پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ہے۔زیارت، کوئٹہ اور قلات میں گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے باعث ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید سردی ہے۔مری میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، گلگت میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جہاں رواں سال اوسطاً درجہ حرارت کم سے کم منفی 8 ڈگری تک گرگیا، دس برس قبل یہ منفی 3 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکردو کا اوسطاً درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 11 ڈگری تک گرگیا، جو دس برس میں 8 ڈگری تک گرگیا، سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔