شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج میں شاندارپاسنگ آؤٹ پریڈ
فارغ التحصیل ہونے والی 64 لیڈی کیڈٹس نے حصہ لیا
تربت(قدرت روزنامہ)شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت میں دوسرے بیچ کی شاندارپاسنگ آؤٹ پریڈ 23 دسمبر کو منعقد ہوئی۔فارغ التحصیل ہونےوالی 64 لیڈی کیڈٹس نے حصہ لیا۔تقریب کےمہمانِ خصوصی کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے۔
ڈاکٹرمالک بلوچ ممبربلوچستان اسمبلی ،آئی جی ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) ،علاقے کے معززین اور کیڈٹس کےوالدین کی بڑی تعدادنےتقریب میں شرکت کی،لیڈی کیڈٹس نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹس کے ذریعے اپنی تربیت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
پاس آؤٹ ہونےوالی کیڈٹس میں سے 90 فیصدکا تعلق بلوچستان کےڈویژنز مکران، قلات،رخشان، سبی، ژوب،لورالائی اور نصیرآبادسے ہے۔
تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والی کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے، اوور آل بیسٹ کیڈٹ کا اعزاز آمنہ عثمان کو دیا گیا۔
شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت،بلوچستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے، جو 2021 میں قائم کیا گیا۔
کالج میں 400 لیڈی کیڈٹس کی تربیت کی گنجائش موجود ہے۔ اب تک دو بیچز میں 131 لیڈی کیڈٹس کامیابی کےساتھ فارغ التحصیل ہو چکی ہیں۔
شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت،نہ صرف بچیوں کو معیاری تعلیم اورتربیت فراہم کر رہا ہےبلکہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔