سال 2024 میں شوبز انڈسٹری کی نامورشخصیات ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئیں
رواں سال ملک کی کئی مشہور شخصیات اپنے پیاروں سے ہمیشہ ہمشیہ کیلئے جدا ہوگئے
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور :بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا،ہمارے عزیز اقارب سمیت پاکستان کی کئی نامور ہستیاں اس سال ہم سے جدا ہوگئیں۔
سال 2024 میں ملک کی کئی مشہور شخصیات اپنے پیاروں سے ہمیشہ ہمشیہ کیلئے جدا ہوگئے۔
سال 2024 میں بچھڑنے والی معروف شخصیات
خالد بٹ ایک معروف تجربہ کار اداکار تھےجنہوں نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا۔ انہوں نےاپنی زندگی کے کئی سال انڈسٹری کے لیے وقف کیے،اس سال اداکار خالدبٹ نے اپنے مداحوں کو سوگوارکردیا،وہ گیارہ جنوری کو خالق حقیقی سے جاملے۔
پاکستان کےباصلاحیت پروڈیوسر راشد ڈار اس سال اپنے پیاروں کو الوداع کہہ گئے،انہوں نے پی ٹی وی کے سنہرے دور سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا،رواں سال 20 مارچ کو وہ اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے۔
معروف پاکستانی اداکارہ طلعت حسین بھی اس سال ہم سے جدا ہوگئے،انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دیا،وہ 26 مئی کو جاں فانی سے کوچ کر گئے۔
ماضی کی معروف نیوز کاسٹر تسکین ظفر بھی اسی سال ہم سے جدا ہوگئیں،وہ پی ٹی وی کے سنہری دور کی مشہور نیوز کاسٹر تھی، رواں سال جون میں 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
پاکستانی ٹیلی ویژن کی سب سے باصلاحیت اور پسندیدہ شیف ناہید انصاری بھی اس سال اپنے پیاروں کو سوگوار کرگئیں،ناہید انصاری چھاتی کے کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑتے ہوئے جولائی میں زندگی کی بازی ہار گئیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور سینئر اداکار و کامیڈین سردار کمال 30 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کر گئے،ان کا شمار پاکستان کے مایہ ناز کامیڈینز میں ہوتا تھا۔
کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘ سے وابستہ 39 سالہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ حنیا اسلم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔
سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر،فلم ساز یحییٰ صدیقی 12 ستمبر کو خالق حقیقی سے جا ملے وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔
اردو اور پنجابی دونوں سنیما کے بڑے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر الطاف حسین نے بھی ہمیں اس سال الوداع کہا۔
پی ٹی وی کے مشہور اسٹار مظہر علی اس سال مختصر علالت امریکا میں انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ عابد کشمیری ایک اور مشہور نام ،جو اس سال اپنے مداحوں جدا ہو گیا،پاکستان کے تجربہ کار موسیقار اور طبلہ نواز استاد طافو نے بھی اس سال اپنے مداحوں اور پیاروں کو ہمیشہ کیلئے الوداع کہہ دیا۔
مشہور تھیٹر پروڈیوسر فرقان حیدر رضوی 10 نومبر 2024ء کو انتقال کر گئے۔