جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ،سابق کپتان بابر اعظم کو ٹیم میں شامل کرنے کاامکان
لاہور(قدرت روزنامہ)جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل، پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی تیاری پکڑلی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں سابق کپتان بابر اعظم کئی ماہ بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں۔پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کیخلاف جمعرات سے سپر اسپورٹس پارک سنچوریں میں شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ میں 7 بیٹسمینوں کے ساتھ میدان میں اُترنے کی حکمت عملی بنالی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کی اننگز کا آغاز ان فارم صائم ایوب اور ان کے ساتھ کپتان شان مسعود کریں گے۔سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم جنھیں اس سال اکتوبر میں ملتان کے پہلے ٹیسٹ میں 30 اور 5 رنز بنانے پر انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا
، انھیں آؤٹ آف فارم عبداللّٰہ شفیق کی جگہ ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بابراعظم نمبر تین پر کھیلیں گے، کامران غلام نمبر چار نائب کپتان سعود شکیل نمبر پانچ جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان نمبر چھ پر بیٹنگ کریں گے۔بیٹنگ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نمبر سات پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔