بابر انہیں چائے پلانا نہ بھولنا، اسد عمر کا بابر اعظم کو مشورہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیراسد عمر نے قومی کرکٹ ٹیم کی تاریخی جیت پر مشہورِ زمانہ ’فنٹاسٹک ٹی‘ کی بھی یاد تازہ کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے قومی کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیگ کیا اور ساتھ ہی بھارتی کھلاڑیوں کو چائے پلانے کا مشورہ بھی دیا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ان کو چائے پلانا نہ بھولنا ، پہلے ہم ان کو پھینٹی لگاتے ہیں، پھر جب یہ آسمان سے زمین پر آ جاتے ہیں تو چائے پلا کر گھر بھیجتے ہیں۔


واضح رہےکہ گزشتہ روزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست دی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ، بھارتی بیٹسمینوں کا آغازہی مایوس کن تھا، بھارتی اوپنرپاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی کے سامنے بے بس نظر آئے۔بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 57 رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے،
ریشابھ پانٹ 39، سوریا کمار یاداو اور ہاردک پانڈیا نے 11،11 رنز بنائے،رویندر جڈیجا،13 جبکہ تجربہ کار بیٹسمین روہٹ شرما صفر پر پویلین لوٹ گئے۔


پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے بھارت کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

152 رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز کیا اور بھارتی باؤلرز کی درگت بنادی۔


کپتان بابر اعظم نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز بنائے ان کی اننگ میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیتے ہوئے محمد رضوان نے جارحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز اسکور کئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی بدولت پاکستان نے بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔پاکستان کی جیت کے بعد پاکستان بھر میں خوشی کا سماء ہے شائقین کرکٹ کی جانب سے مٹھائیاں اور مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کے لئے ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کر دی ہے۔


پاکستان ورلڈکپ 1992سے 2019 تک بھارت سےکبھی نہیں جیتاتھا، 11 ورلڈکپ ایونٹس کے 12میچزمیں شکست کےبعدجیت کی تاریخ رقم کی گئی۔