ُاُمید ہے مودی کل کے میچ سے کچھ سیکھیں گے: عتیقہ اوڈھو

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت میچ میں پڑوسی ملک کی تاریخی شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔
عتیقہ اوڈھو نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت کے تاریخی میچ کی خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں دونوں ٹیموں کے کپتان ساتھ موجود ہیں۔


تصویر میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بابر اعظم کے کندھے پر ہاتھ رکھا ہوا ہے اور دونوں کرکٹرز کے چہروں پر مُسکراہٹ ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی اس تصویر کو زبردست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس سے یہ واضح ہورہا ہے کہ کس طرح کھیل، فن اور ثقافت اقوام کو متحد کرتی ہے۔‘اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ مسٹر مودی، اس تصویر سے کچھ سیکھیں گے۔‘
اُنہوں نے مودی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’خوشیاں پھیلائیں جنگ نہیں، اس طرح یہ دنیا رہنے کے لیے بہت بہتر جگہ ہوگی۔’واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔