افغان سرزمین سے دہشتگردوں کی کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ افغانستان کو فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی،افغان سرزمین سے دہشتگردوں کی کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان ہمسایہ ملک ہے، اچھے تعلقات چاہتے ہیں،افواج پاکستان دہشتگردی کیخلاف صف آرا ہیں،چند دن پہلے بہت بڑا حادثہ ہوا، 16ایف سی جوان شہید ہوئے،گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا،وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ دہشتگرد آج بھی افغانستان سے آپریٹ کررہے ہیں،پاکستان میں بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے، یہ پالیسی نہیں چل سکتی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ افغان حکومت کو ایک سے زیادہ بار پیغام دیا ہے،افغان حکومت کو کئی بارپیغام پہنچایا کہ ہم اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغان حکومت کو کہنا چاہتا ہوں دہشتگردی پر ٹھوس بات چیت کیلئے تیار ہیں،افغان حکومت کو کہا تھا دہشتگردوں کو حملوں کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہئے،بہتر تعلقات اور دہشتگردوں کوکھلی چھٹی بیک وقت ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ صدرآذربائیجان کیساتھ کل ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی،صدرآذربائیجان پاکستان کے دوست اور خیرخواہ ہیں،بدقسمتی سے آذربائیجان کا طیارے حادثے کا شکار ہوا، صدر آذربائیجان سے طیارہ حادثے پر اظہار ہمدردی کیا۔