کراچی: انسانی اسمگلنگ میں بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف


کراچی(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ سے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے ایجنٹ سمیت 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسیب احمد، قیصر احمد، عثمان علی اور ایجنٹ عبدالشکور شامل ہیں۔
ملزمان کا تعلق فیصل آباد، چینیوٹ، گجرانوالہ اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
انسانی سمگلر عبدالشکور نے دیگر ملزمان کو پولینڈ بھجوانے کے نام پر 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے۔
ملزمان نے ایجنٹ کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس بھی دیا۔ ملزمان کو غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جانا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق انسانی اسمگلر عبدالشکور کے موبائل سے اہم شواہد برآمد کر لیے گئے۔ ملزم نے دیگر ملزمان کے آذربائیجان کے ویزے زم زم ٹریول شانگلہ ہل سے حاصل کیے تھے۔
ایف آئی اے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملزم عبدالشکور انڈین ایجنٹ سے رابطے میں تھا۔ آذربائیجان میں رہائش پذیر گوتم شرما نامی انڈین ایجنٹ ملزمان کو آذربائیجان سے غیر قانونی طریقے سے پولینڈ بھجوانے والا تھا۔
ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *