برآمدات 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف، ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا اعلان 31 دسمبر کو متوقع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پاکستان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے 2029 تک برآمدات سالانہ 60 ارب ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف رواں برس کے آخری روز (یعنی 31 دسمبر کو) ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا اعلان کریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ’اڑان پاکستان‘ پانچ سال کا قومی اقتصادی پلان ہوگا، جس کا دورانیہ 2024 سے 2029 تک رکھا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کے تحت ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالرز تک لے جائےگی، اور اسی پروگرام کے تحت سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی گریجویٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائےگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے تحت شرح خواندگی کو فروغ دیتے ہوئے غربت میں کمی لائے جائےگی، اُڑان پاکستان کے ذریعے پاکستان کو 2035 تک 1000 ارب ڈالرز معیشت کی بنیاد فراہم کرنا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام میں آئی ٹی برآمدات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سامنا رہتا ہے، پاکستان چونکہ پیٹرول اور زرعی اجناس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ درآمد کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ زرمبادلہ حاصل کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔
پی ڈی ایم کے دور حکومت میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا، تاہم دوست ممالک نے سہارا فراہم کیا جس کے باعث پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔