بھارت کے خلاف پاکستان بہت اچھا کھیلا، وویک اوبیرائے
دبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکار وویک اوبیرائے نے کہا ہے کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی 10 وکٹوں سے شکست کی امید نہیں تھی۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ جہاں دونوں ملکوں کےعوام نے بڑے جوش و خروش سے دیکھا بلکہ پاکستان اور بھارت کے کئی فلمی ستارے بھی وہاں موجود تھے، ان فنکاروں میں اکشے کمار اور وویک اوبیرائے بھی شامل ہیں۔
بھارت کی خلاف توقع عبرتناک شکست پر وویک اوبیرائے بھی کافی دل گرفتہ نظر آئے، میچ دیکھنے کے بعد واپسی پر وویک اوبیرائے نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی ہار ہر انہیں بہت برا لگا، پاکستان کو بہت مبارک ہو، انہوں نے بہت اچھا کھیلا، مجھے یہ بالکل امید نہیں تھی کہ ہم 10 وکٹوں سے ہاریں گے۔
عبرتناک شکست کے باوجود بھی وویک نے اس امید کا اظہار کیا کہ میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم ہی کامیاب ہوگی، مجھے لگتا ہے کہ فائنل میں بھی بھارت کا مقابلہ پاکستان سے ہی ہوگا اور اگلی بار ہم ہی جیتیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکار وویک اوبیرائے بالی ووڈ میں ہندو انتہا پسند تنظیموں اور حکمران جماعت بی جے پی کے بہت بڑے حامی ہیں، یہی وجہ تھی کہ مودی پر بننے والی فلم میں بھارتی وزیر اعظم کا کردار بھی انہوں نے ہی نبھایا تھا۔