قبائلی اضلاع میں آپریشن کی مخالفت پر کے پی حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر آگئے

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے قبائلی اضلاع میں فوجی آپریشن کی مخالفت کردی جبکہ اسپیکر اسمبلی نے امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ کیلیے کورکمانڈر کو بلانے کا عندیہ بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بحث کے دوران قبائلی اضلاع میں ممکنہ آپریشن کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک پیکج پر آگئے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کو نہیں مانیں گے جبکہ حکومتی ارکان نے واضح کیا کہ آپریشن کا فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ کریں گے۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جو سوالات اٹھائے گئے وہ غور طلب ہیں، 2 دہائیوں سے خیبر پختونخوا میں آپریشن ہوئے، لوگوں کا انخلا بھی ہوا لوگوں کی آبادکاری بھی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور منتخب نمائندوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ اسپیکر نے امن و امان کی صورت حال پر آئی جی خیبرپختونخوا کو طلب کرلیا اور کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر، ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں کور کمانڈر کو بھی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کیلئے بلایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *