مستحق لڑکیوں کو شادی پر 2 لاکھ روپے ملیں گے، حکومت کا بڑا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے مستحق لڑکیوں کی شادیاں اپنے خرچ پر کرانے کا اعلان کردیا، اس کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو 2،2 لاکھ روپے نقد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ سوشل ویلفیئر کا اجلاس ہوا، جس میں جہیز فنڈز کے استعمال اور دیگر فلاحی اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے اجلاس میں صوبے کی 4 ہزار سے زیادہ مستحق لڑکیوں کی شادیاں جہیز فنڈز سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق ڈویژنل سطح پر شادی کی اجتماعی تقریبات منعقد کی جائیں گی، اور اس کا سارا خرچہ حکومت اٹھائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مستحق لڑکیوں کو دلہن بننے پر جہیز فنڈز سے 2،2 لاکھ روپے نقد بھی دیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ حق صرف حقدار کو ملنا چاہیے، انہوں نے صوبے میں غیرفعال پناہ گاہوں کو بھی فور طور پر فعال بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے معذور طلبہ کو وہیل چیئرز دی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ صوبے کے بوڑھے افراد کے لیے اولڈ ایج ہوم قائم کیے جائیں گے، جہاں بزرگ شہریوں کو رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ان کو تفریح بھی فراہم کی جائےگی۔
اجلاس میں صوبے کے یتیم بچوں کے لیے یتیم کارڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر یہ تجویز دی گئی کہ اسکول سطح پر بچوں کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ صوبے کی عمر رسیدہ بیواؤں کو راشن کارڈ کا اجرا کیا جائےگا۔ اس میں بھی بیوہ خواتین کو 5 ہزار روپے ماہانہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔