پارلیمنٹ سے باہر فیصلے کرنے ہیں تو اسمبلی کو فارغ کیا جائے، محمود خان اچکزئی

عمران خان کی جماعت پر ظلم اور 26 نومبر کا مقدمہ شہباز شریف کیخلاف درج کیا جائے


چمن (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ایک بار پھر پارلیمنٹ اور آئین کے حوالے سے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چمن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر فیصلے پارلیمنٹ کے باہر کرنے ہیں تو پھر اسمبلی کو فارغ کر دینا چاہیے۔ آئین پر عملدرآمد ہی ملک چلانے کا واحد حل ہے، پاکستان کے موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہم سب ہیں عمران خان کی جماعت پر ظلم اور 26 نومبر کا مقدمہ شہباز شریف کیخلاف درج کیا جائے

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی حیثیت ختم کی جا رہی ہے، اور ملک چلانے کا واحد حل یہ ہے کہ آئین کو اس کی اصل روح کے مطابق نافذ کیا جائے۔ محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ جرگے کے فیصلوں سے حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔
تحریک تحفظ آئین کے سربراہ نے پاکستان اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے ٹیبل ٹاک کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ایک کانفرنس بلائیں، جس میں افغانستان اور اس کے تمام ہمسایہ ممالک کے خدشات اور مسائل پر گفتگو ہو۔ ایک ایسا معاہدہ تشکیل دیا جائے جس میں سب ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری اور آزادی کا احترام کریں اور اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی آزادی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہے۔ افغان قوم کو آزادی کا مطلب اپنی ماں کی گود سے ملا ہے، اور پوری دنیا میں صرف افغانستان اور ترکی کی زمینیں ایسی ہیں جہاں کسی جارح نے قبضہ نہ جمایا۔